پاکستان خطے میں امن و استحکام چاہتا ہے: عمران خان
پاکستان اور ترکی کے درمیان قربت اور دوستی کئی دہائیوں پر محیط ہے۔
ترک صدر طیب اردوغان اور پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے انقرہ میں مشترکہ پریس کانفرنس کی ۔ اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ پاکستان کو مدینہ کی ریاست بنانے کے خواہش مند ہیں، کسی بھی مہذب معاشرے میں شعبہ صحت کو بنیادی حیثیت حاصل ہے، صحت کے شعبے میں اصلاحات کے حوالے سے ترکی کے تجربے سے فائدہ اُٹھانا چاہتے ہیں، تعلیم کے شعبے میں بھی ترکی کی کاوشیں قابل تقلید ہیں۔
پاکستان کے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام چاہتا ہے، امن کے لیے تمام ہمسایہ ممالک بالخصوص ہندوستان سے بھی مذاکرات کو تیار ہیں لیکن پاکستان اورہندوستان کے درمیان بنیادی تنازع کشمیر ہے اورافغانستان کے معاملے پر بھی ترکی کے تعاون کے خواہاں ہیں۔
پریس کانفرنس میں ترک صدر رجب طیب اردوغان نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ عسکری، سیاسی، تجارتی اور دوستانہ تعلقات ہیں، ترک فاؤنڈیشن سے متعلق پاکستانی سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں، وقت کے ساتھ دو طرفہ تعلقات مستحکم ہورہے ہیں، خواہش ہے کہ پاک ترک تعلقات طویل عرصے تک آگے بڑھیں۔
قبل ازیں عمران خان نے ترک صدر رجب طیب اردوغان سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔