Jan ۱۵, ۲۰۱۹ ۰۸:۵۹ Asia/Tehran
  • اسرائیل کے لیے ملائیشیا نو گو ایریا: مہاتیرمحمد

ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد نے انٹرنیشنل این جی اوز کی تنقید پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملائیشیا اسرائیل کے لیے نو گو ایریا رہے گا۔

تفصیلات کے مطابق ملائیشیا میں 29 جولائی سے ہونے والی پیرا سوئمنگ چیمپئن شپ میں کسی بھی اسرائیلی کھلاڑی کو شرکت کی اجازت نہ دینے پر انٹرنیشنل این جی اوز کی جانب سے ملائیشیا پر تنقید کی گئی تھی، جس کے جواب میں وزیراعظم مہاتیر محمد نے دو ٹوک جواب دیتے ہوئے کہا کہ پیرا سوئمنگ چیمپئن شپ میں کسی اسرائیلی کو شرکت کی اجازت نہیں ملے گی۔

مہاتیر محمد نے کہا کہ ملائیشیا کا قانون اسرائیلی شہریت رکھنے والوں کو ملائیشیا میں داخلے کی اجازت نہیں دیتا اور اسرائیل کے لیے ملائیشیا کے قوانین میں کسی قسم کی نرمی نہیں کی جائے گی۔

مہاتیر محمد کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فوج نے جو مقبوضہ فلسطین میں ظلم و بربریت کا بازار گرم کر رکھا ہے وہ کسی این جی او کو نظر نہیں آتا۔ نہتے نوجوانوں، بوڑھوں بچوں اور عورتوں کو جس طرح شہید کیا جا رہا ہے اس صورت حال پر ملائیشیا کا دو ٹوک مؤقف ہے۔ اسرائیلی شہریت کے حامل باشندوں پر پابندی برقرار رہے گی۔

خیال رہے کہ ملائیشیا ان اسلامی ممالک میں شامل ہے جن کے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات نہیں اور اسرائیلی پاسپورٹ پر ملک میں داخلے کی پابندی ہے۔

 

 

 

ٹیگس