شام: دیرالزور پر امریکی اتحاد کا حملہ، 13 افراد جاں بحق
مشرقی شام میں دیرالزور کے علاقے الباغوز پر امریکی اتحاد کے حملے میں کم از کم تیرہ عام شہری جاں بحق ہو گئے۔
شامی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ الباغوز پر داعش مخالف نام نہاد امریکی اتحاد نے یہ حملہ ہفتے کے روز کیا جس میں تیرہ افراد جاں بحق ہو گئے جن میں تین بچے شامل ہیں۔
امریکی اتحاد کے جنگی طیاروں نے حالیہ ہفتوں کے دوران شام کے صوبے دیرالزور کے مختلف علاقوں پر بارہا بمباری کی ہے اور شامی عوام کے خلاف ممنوعہ ہتھیار منجملہ فاسفورس بموں کا استعمال کیا ہے۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ شام کی حکومت نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے چیئرمین کے نام اپنے الگ الگ مراسلوں میں بارہا شام پر امریکی اتحاد کی جارحیت بند کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔
عراق و شام پر امریکی اتحاد کے حملوں پر نظر رکھنے والے گروہ ایروارز نے حال ہی میں اعلان کیا ہے کہ دو ہزار چودہ سے عراق و شام پر امریکی اتحاد کی جانب سے کئے جانے والے حملوں میں اب تک پانچ ہزار سے زائد عام شہری مارے جا چکے ہیں۔