سعودی عرب میں سیلاب، 12 ہلاک
ریاض اور تبوک سمیت کئی شہروں میں سکول بند کردیئے گئے، مدینہ میں گاڑیاں سیلابی ریلے میں بہہ گئیں۔
سعودی محکمہ شہری دفاع کے مطابق رواں ہفتے کی موسلا دھار بارشوں اور سیلاب سے اب تک 12 افراد ہلاک ہوئے ہیں، اعداد و شمار کے مطابق شہر تبوک میں 10، مدینہ میں ایک اور شمالی سرحدی علاقے میں ایک شخص ہلاک ہوا جبکہ اتوار سے بدھ کے درمیان سیلابی علاقوں سے 271 لوگوں کو ریسکیو کیا گیا۔
شہری دفاع کے مطابق بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے جائزے کے لیے کمیٹیاں بنا دی گئی ہیں۔
سعودی عرب میں موسمیاتی تبدیلیوں پر نظر رکھنے والے ادارے نے جدہ، الجواف، حیل، مدینہ، مکہ، ریاض، مشرقی صوبے، جنوب مغرب اور مغرب کے پہاڑوں پر تیز ہواؤں کے ساتھ مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔
واضح رہے کہ رواں ہفتے سعودی عرب کے شہروں مکہ، مدینہ، جدہ اور تبوک میں موسلا دھار بارشوں سے کئی علاقے زیرآب آگئے تھے۔