Mar ۰۳, ۲۰۱۹ ۲۰:۰۶ Asia/Tehran
  • سعودی عرب میں انسانی حقوق کی پامالی، عالمی اداروں کا احتجاج

انسانی حقوق کے مختلف بین الاقوامی اداروں اور تنظیموں منجملہ ہیومن رائٹس واچ اور ایمنسٹی انٹرنیشل نے سعودی عرب میں انسانی حقوق کی پامالی پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

موصولہ خبروں میں کہا گیا ہے کہ انسانی حقوق کی ان تنظیموں اور اداروں نے سعودی عرب میں انسانی حقوق  کے لئے کام کرنے والی خواتین رضاکاروں پر مقدمہ چلائے جانے کی مذمت کی ہے - ہیومن رائٹس واچ میں مشرق وسطی کے امور کے انچارج مائیکل پیج نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ریاض نے ابھی ان رپورٹوں پر کوئی ایکشن نہیں لیا ہے جن میں کہا گیا ہے کہ سعودی جیلوں میں قید انسانی حقوق کے کارکنوں اور خاص طور پر خواتین رضاکاروں کو ایذائیں دی جارہی ہیں -

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھی انسانی حقوق کے کارکنوں اور بالخصوص خاتون رضاکاروں پر مقدمات کے خطرناک ہونے کی بابت خبردار  کیا ہے - سعودی حکومت کے اہلکاروں نے ملک میں انسانی حقوق کے لئے  کام کرنے والے کارکنوں اور خاص طور پر خاتون رضاکاروں کو یہ کہہ کر گرفتار کرلیا ہے کہ یہ ملک کی سالمیت کے لئے خطرہ ہیں - 

واضح رہے کہ پچھلے کچھ دنوں سے سعودی عرب میں انسانی حقوق کے کارکنوں پر مقدمے کی کارروائی تیز ہوگئی ہے - انسانی حقوق کی تنظیمیں اب تک بارہا اپنی رپورٹوں میں سعودی عرب میں انسانی حقوق کی پامالیوں منجملہ لوگوں کو پھانسی دئے جانے، قید اور ایذارسانی کے ساتھ ساتھ آزادی اظہار رائے پر پابندی جیسے اقدامات اور انسانی حقوق کی پامالی کی مذمت کرچکی ہیں - اس وقت سعودی عرب کی جیلوں میں تیس ہزار سے زائد سیاسی قیدی سخت حالات میں زندگی گذار رہے ہیں۔

ٹیگس