سعودی وزیرخارجہ کی پاکستانی وزیراعظم اور آرمی چیف سے ملاقات
سعودی وزیر مملکت خارجہ عادل الجبیرنے اپنے دورہ پاکستان میں پاکستان کے وزیراعظم، آرمی چیف اور وزیر خارجہ سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق پاکستان کےوزیراعظم عمران خان سے سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ عادل الجبیر نے ملاقات کی جس میں خطے کی موجودہ صورت حال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جب کہ پاک سعودی تعلقات پر بھی بات چیت کی گئی۔
قبل ازیں سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ عادل الجبیر نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی جس میں خطے کی سیکورٹی صورتحال اور امن و امان سے متعلق امور پر گفتگو کی گئی۔
پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اورعادل الجبیر کے مابین ہونے والی ملاقات میں پاک و ہند کشیدگی، علاقائی سیکیورٹی، خطے میں امن و امان کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی وزیر مملکت خارجہ عادل الجبیر کسی خاص مشن پر پاکستان گئے ہیں اور اسی لئے انہوں نے پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں۔ ان کا دورہ ایسے میں ہوا ہے کہ جب پاکستان میں اسرائیل کو تسلیم کرنے اور ایک اسرائیلی پائلٹ کی گرفتاری کی خبریں گردش کر رہی ہیں۔