نیوزی لینڈ میں نمازیوں کے قتل عام کی اسلامی مزاحمتی تحریکوں کی جانب سے مذمت
اسلامی مزاحمتی تنظیموں نے نیوزی لینڈ کے دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسلامو فوبیا اور مذہبی منافرت پھیلانے کی سامراجی طاقتوں کی پالیسیوں کے نتائج کی بابت خبردار کیا ہے۔
لبنان کی تحریک حزب اللہ نے نیوزی لینڈ کے دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے دنیا میں منافرت پھیلانے، اور مسلمانوں نیزغیرملکیوں کے خلاف انتہا پسندانہ رجحانات کو ہوا دینے کی امریکا کی پالیسیوں اور کوششوں کے بارے میں خبردار کیا ہے۔
اس درمیان یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ کے سیاسی دفتر نے بھی اپنے ایک بیان میں نیوزی لینڈ کی مساجد میں نمازیوں پر دہشت گردانہ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملہ اسلام اور مسلمانوں کے خلاف منافرت پھیلانے اوران کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بند پالیسی کو ظاہر کرتا ہے۔
یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ نے نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی دو مسجدوں میں ہولناک دہشت گردانہ حملے کو مغرب میں اسلامو فوبیا کی پالیسی کا نتیجہ قراردیا۔
بحرین کی جمعیت الوفاق نے بھی نیوزی لینڈ میں نمازیوں پر کئے گئے دہشت گردانہ حملے کو ایک وحشیانہ اقدام قراردیا بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردانہ حملوں کا کسی بھی دین سے کوئی تعلق نہیں ہوتا۔بحرین کی جمعیت الوفاق نے کہا ہے کہ یہ حملے تشدد پرمبنی سوچ اور مخاصمانہ پالیسیوں کا نتیجہ ہیں ۔
شام نے بھی نیوزی لینڈ میں دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے انتہا پسندی اور اسلاموفوبیا کے خلاف جنگ پر تاکید کی۔