Apr ۰۴, ۲۰۱۹ ۱۹:۲۷ Asia/Tehran
  • اسرائیل کے ساتھ تعلقات بحرینی عوام کی امنگوں سے غداری ہے، آیت اللہ شیخ عیسی قاسم

بحرین کے مذہبی رہنما آیت اللہ شیخ عیسی قاسم نے اسرائیل کے ساتھ تعلقات کی برقراری کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک سنگین المیہ ہے۔

بحرین کے بزرگ عالم دین اور مذہبی رہنما آیت اللہ شیخ عیسی قاسم نے کہا ہے کہ صیہونی دشمن کے ساتھ بعض عرب ملکوں کے ذریعے تعلقات کی برقراری ایک سنگین المیہ ہے جو امت اسلامیہ کے لئے انتہائی خطرناک نتائج کا حامل ہوگا-
آیت اللہ شیخ عیسی قاسم نے بحرین میں بین الاقوامی معاشی کانفرنس میں صیہونی حکومت کو دعوت دینے کے آل خلیفہ حکومت کے اقدام پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات کی برقراری کا مطلب اسرائیل کے غاصبانہ تسلط کو تسلیم کرلینا اور اس کی حمایت کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صیہونیوں کی میزبانی کرنے کے لئے آل خلیفہ حکومت کی آمادگی کا اعلان بحرینی عوام کی مقدس امنگوں سے غداری ہے۔ بحرین میں بین الاقوامی معاشی کانفرنس پندرہ سے اٹھارہ اپریل تک ہو رہی ہے جس میں دنیا کے متعدد ملکوں کے اقتصادی ماہرین کے ساتھ غاصب صیہونی حکومت کے بھی پینتالیس اقتصادی ماہرین منجملہ اسرائیلی وزیراقتصاد کی بھی شرکت ہوگی۔
کویت نے بحرین کانفرنس میں اسرائیلی وفد کی شرکت کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے اس کانفرنس کا بائیکاٹ کردیا ہے۔

ٹیگس