لیبیا کے دارالحکومت طرابلس میں لڑائی
لیبیا کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ دارالحکومت طرابلس کے اطراف میں جاری لڑائی میں پینتس سے زائد افراد ہلاک اور اسّی سے زائد زخمی ہوچکے ہیں ۔
لیبیا سے موصولہ خبروں میں کہا گیا ہے کہ قومی وفاق کی حکومت کے وفادار فوجیوں نے طرابلس کی جانب خلیفہ حفتر کی فوج ایل این اے کی پیشقدمی کو رو ک دیا ہے - اس موقع پر طرابلس میں قائم قومی وفاق کی حکومت کے فوجیوں اور خلیفہ حفتر کے فوجیوں کے درمیان لڑائی ہوئی جس میں درجنوں افراد ہلاک اور زخمی ہوگئے - خلیفہ حفتر نے سعودی عرب کا اپنا دورہ مکمل کرنے کے بعد جمعہ کو ایک پیغام میں طرابلس پر حملہ شروع کیا تھا۔ رپورٹوں میں بتایاگیا ہے کہ خلیفہ حفتر کی فوج نے پیر کو طرابلس کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر تین بار بمباری کی ہے ۔ یاد رہے کہ خلیفہ حفتر کی فوج نے طرابلس ایئر پورٹ پر قبضہ کرلیا تھا لیکن لیبیا کی قومی وفاق حکومت کے فوجیوں نے ہوائی اڈہ دوباہ اپنے کنٹرول میں لیکر خلیفہ حفتر کی فوج کو دارالحکومت سے پیچھے دھکیل دیا تھا ۔