Apr ۲۲, ۲۰۱۹ ۱۵:۰۱ Asia/Tehran
  • سعودی جارحیت کے جواب میں یمن فوج کی کارروائی ، 54  جارح فوجی ہلاک

یمن کی مسلح افواج نے سعودی اتحاد کی وحشیانہ جارحیتوں کے جواب میں سعودی عرب کے جنوبی صوبے جیزان میں فوجی ٹھکانوں پر میزائلوں سے حملہ کر کے درجنوں سعودی فوجیوں اور ان کے اتحادیوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔

یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے سعودی عرب کے جنوبی صوبے جیزان میں فوجی ٹھکانوں پر میزائلوں سے حملہ کر کے نو سعودی فوجی کمانڈروں اور سعودی اتحاد کے چوّن فوجیوں کو ہلاک کر دیا-

المسیرہ ٹیلی ویژن چینل نے یمنی فوج کے ترجمان یحیی السریع کے حوالے سے خبر دی ہے کہ یمنی فوج کے میزائل یونٹ نے سعودی عرب کے جنوبی صوبے جیزان کے مغربی طوال کے علاقے میں سعودی اتحاد کے فوجی اڈوں پر بدر چار بیلسٹیک میزائلوں سے حملہ کیا-

یمنی فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ان میزائلوں میں سعودی عرب کے نو افسران سمیت چوّن سعودی اتحادی فوجی مارے گئے جبکہ درجنوں زخمی ہوئے ہیں-

اس درمیان یمنی فوج نے اتوار اور پیر کی درمیانی رات الحدیدہ کے قریب سعودی عرب کا ایک ڈرون طیارہ مار گرایا ہے- سعودی عرب کے جنوبی سرحدی علاقوں میں یمنی فوج کی کامیابیاں اب سب پر واضح اور نمایاں ہوتی جا رہی ہیں-

دوسری جانب یمن کی اعلی انقلابی کمیٹی کے سربراہ محمد علی الحوثی نے کہا ہے کہ صافر نامی بحری آئیل ٹینکر میں فنی خرابی سے جس میں تیل لدا ہوا ہے ماحولیات کو نقصان پہنچ سکتا ہے اور اس پوری صورت حال کی ذمہ داری جارح سعودی اتحاد پر عائد ہو گی-

یمن کی اعلی انقلابی کمیٹی کے سربراہ محمد علی الحوثی نے پیر کو اپنے ٹویٹر پیج پر لکھا کہ صافر نامی بحری آئیل ٹینکر کی پائپ لائن کٹ گئی ہے اور سعودی اتحاد دو ہزار پندرہ سے اس بحری آئیل ٹینکر کے تیل کو فروخت کرنے کی اجازت نہیں دے رہا ہے-

انہوں نے کہا کہ جارح سعودی اتحاد کے اس اقدام سے بڑے پیمانے پر ماحولیاتی تباہی ہو گی اور یمن پر جارحیت کرنے والا سعودی اتحاد ہی اس خطرناک صورتحال کا ذمہ دار ہو گا-

 

ٹیگس