جنگ کے مفروضے کے پیش نظر ہماری تیاریوں میں اضافہ: سپاہ پاسداران کے ترجمان جنرل علی نائینی
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ترجمان جنرل علی نائینی نے کہا ہے کہ اس مفروضہ کے پیش نظر کہ جنگ کسی بھی وقت چِھڑ سکتی ہے، ہم نے اپنی تیاریوں کی سطح میں اضافہ کردیا ہے۔
سحرنیوز/ایران: اطلاعات کے مطابق سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی (آئی آر جی سی) کے ترجمان جنرل علی نائینی نے مذکورہ بات تہران یونیورسٹی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
جنرل نائینی نے حالیہ مسلط کردہ 12 روزہ جنگ میں دشمن کی ناکامی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس مفروضے پر قائم ہیں کہ دشمن کا کام ابھی پورا نہیں ہوا ہے اور کسی بھی وقت کوئی واقعہ پیش آسکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دشمن مسلسل اپنے منصوبے کی تکمیل کے درپے ہے۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ترجمان نے کہا کہ لوگوں کو اس بارے میں فکر مند ہونے کی ضرورت نہیں کیونکہ یہ مسلح افواج کی ذمہ داری ہے کہ وہ دشمن کی نقل و حرکت پر نظر رکھیں اور اس کے تدارک کے لیے پوری طرح تیار رہیں۔
انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ حالیہ بارہ روزہ جنگ کے دوران ہم نے آخری لمحے تک پوری طاقت کے ساتھ دشمن کے خلاف میزائل حملے جاری رکھے اور دنیا نے اس بات کو تسلیم کیا کہ جنگ دشمن نے شروع کی تھی لیکن خاتمہ ایران نے کیا۔
سپاہ پاسداران کے ترجمان نے کہا کہ جنک دشمن نے شروع تو کردی تھی لیکن اس نے جنگ کے خاتمے اور نتیجے کے بارے میں نہیں سوچا تھا۔