جنوبی سعودی عرب کے ہوائی اڈوں پر یمنی فوج کے مسلسل حملے
یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے ترجمان نے جنوبی سعودی عرب کے ہوائی اڈوں کو غیر محفوظ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان ہوائی اڈوں پر حملوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔
المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی سریع نے اعلان کیا ہے کہ جنوبی سعودی عرب کے ابہا ہوائی اڈے پر یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کا حملہ کامیاب رہا ہے جس میں اس ایئرپورٹ کے رنوے کو نشانہ بنایا گیا۔انھوں نے کہا کہ سعودی اتحاد کی جارحیت کے جواب میں اٹھائے جانے والے قدم کے طور پر جنوبی سعودی عرب کے ہوائی اڈوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اور ابہا، نجران اور جیزان کے ہوائی اڈے غیر محفوظ ٹھکانوں میں تبدیل ہو چکے ہیں اور ان ہوائی اڈوں پر یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے حملوں کا سلسلہ بدستور جاری رہے گا۔ یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے ایک بار پھر سعودی شہریوں سے اپیل کی ہے کہ جنوبی سعودی عرب کے ہوائی اڈوں سے دور رہیں۔واضح رہے کہ ابہا ایرپورٹ پر یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے پیر کے روز کے ڈرون حملے میں پروازوں کا سلسلہ منقطع ہو گیا۔