Apr ۰۱, ۲۰۲۱ ۱۶:۳۳ Asia/Tehran
  • جیزان میں جارح سعودی اتحاد کے متعدد فوجی ہلاک

جنوبی سعودی عرب کے علاقے جیزان کے محاذ پر جارح سعودی اتحاد کے ٹھکانوں پر یمنی فوج اور عوامی رضاکارفورس نے شدید حملہ کرکے جارح قوتوں کو شکست سے دوچار کردیا ہے

یمنی فوج اورعوامی رضاکار فورس نے جمعرات کے روز جنوبی سعودی عرب کے جیزان محاذ پر جارح سعودی اتحاد کے ٹھکانوں پر بمباری کی جس میں سعودی اتحاد کے پندرہ فوجی اہلکار ہلاک ہو گئے۔

یمنی فوج اورعوامی رضاکار فورس نے اپنی اس کارروائی میں جیزان کے محاذ پر پیش قدمی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے جارح سعودی اتحاد کو بھاری نقصان پہنچایا جس کے نتیجے میں سعودی اتحاد کے   فوجی اپنا جنگی ساز و سامان چھوڑ کر فرار ہوگئے۔

دوسری جانب سعودی عرب کے وزیر اطلاعات ونشریات نے اعتراف کیا ہے کہ یمن پر سعودی حملے سے لے کر اب تک سعودی عرب پر تین سو انسٹھ بیلسٹک میزائل داغے گئے ہیں ۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے وزیراطلاعات ماجد القصبی نے اس بات کا اعلان کرتے ہوئے کہ سعودی عرب پر تین سو انسٹھ بیلسٹک میزائل داغے گئے کہا کہ پانچ سو نواسی بار ڈرون طیاروں نے سعودی عرب کو نشانہ بنایا ہے۔

یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحی السریع نے اس سے قبل اپنے ملک کے پاس موجود پیشرفتہ ہتھیاروں کا حوالہ دیتے ہوئے سعودی اتحاد کو خبردار کیا تھا کہ اگر اس نے جنگ اور محاصرہ ختم نہ کیا تو اس پر ایسی کاری ضربیں لگائیں گے جس کا تصور بھی محال ہوگا۔

یمنیوں کا تیار کردہ قدس ایک میزائل تین ہزار کلومیٹر تک مار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے جبکہ صماد تین قسم کے ڈرون طیارے سترہ سو کلومیٹر کی رینج میں پرواز کرنے کی توانائی رکھتے ہیں۔

یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحی السریع نے پچھلے چھے برس کے دوران میزائل اور ڈرون سازی میں ہونے والی ترقی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اب تک چار سو ننانوے میزائل، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی فوجی تنصیبات اور اہم اہداف پر لگ چکے ہیں جبکہ آٹھ سو انچاس ڈرون طیاروں نے سعودی عرب کے اندر، اور یمن کے مقبوضہ علاقوں میں دشمن کے فوجی اڈوں اور اہم مراکز کو نشانہ بنایا ہے۔

اس درمیان حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصراللہ نے جارح سعودی اتحاد کی جارحیت کے جواب میں یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کی جوابی کارروائیوں اور جنگ یمن میں طاقت کا توازن اب یمنی عوام کے حق میں تبدیل ہوجانے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے سعودی عرب کو خبردار کیا ہے کہ وہ یمنی عوام پر جارحیت بند اور اس ملک کا ظالمانہ محاصرہ ختم کر دے۔ 

ٹیگس