Jun ۲۷, ۲۰۱۹ ۰۹:۴۶ Asia/Tehran
  • امام خمینی (رح) نے استعماری طاقتوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کربات کرنے کا درس دیا

تحریک بیداری امت مصطفیٰ کی جانب سےبانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رح) کی برسی کی مناسبت سے اتحاد و وحدت کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان بھر سے جید شیعہ و سنی علماء کرام و ذاکرین عظام نے شرکت کی۔

پاکستان کے تجارتی شہر کراچی کے نشتر پارک میں کانفرنس سے تحریک بیداری کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی، جمعیت علمائے پاکستان (نورانی) کے رہنما علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی سمیت دیگر نے خطاب کیا۔

 اپنے خطاب میں علامہ جواد نقوی اورعلامہ قاضی احمد نورانی صدیقی نے کہا کہ حضرت امام خمینی(رح) وہ عظیم عالمی رہنما تھے جنہوں نے امت مسلمہ کو استعماری طاقتوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرنے کا درس دیا، ان کی آواز دنیا کی ان طاقتوں کے خلاف تھی جو اسلام کی حقیقی تعلیمات کو مسخ کرکے دنیا بھر میں اسلام کی شکل میں من پسند مذہب کا اجراء چاہتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ امام خمینی نے ایران میں انقلاب برپا کرکے اڑھائی ہزار سالہ شہنشاہی نظام کو سرنگوں اور رعونت و تکبر کے بت کو پاش پاش کیا اور امت مسلمہ کو بتایا کہ جہاں بھی اسلام کے تشخص کو خطرہ ہو اس طرح توحید کا پرچار کیا جائے۔

اس کانفرنس میں بزرگ علم دین علامہ شیخ محمد حسن صلاح الدین، علامہ مرزا یوسف حسین، علامہ شبیر الحسن طاہری اور علامہ زاہد حسین سمیت دیگر شیعہ اور اہلسنت شخصیات کے ساتھ ساتھ عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

ٹیگس