شام میں روس کے ہاتھوں دو ڈرون طیاروں کی تباہی
روسی فضائیہ کے اینٹی ایرکرافٹ یونٹ نے حمیمیم کے ٹھکانے پر دہشت گردوں کے ڈرون حملے کو ناکام بناتے ہوئے دو ڈرون طیاروں کو تباہ کر دیا۔
مغربی شام میں روس کے حمیمیم کوآرڈینیشن سینٹر کے سربراہ الیگزی باکین نے ایک بیان میں کہا ہے کہ روسی مرکز کی طرف بڑھنے والے دو ڈرون طیاروں کو تباہ کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ دہشت گرد، ادلب کے علاقے میں زہریلا مواد استعمال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ شامی فوج کے خلاف عام شہریوں کے خلاف کیمیائی مواد کے استعمال کے الزام کا بہانہ بنایا جا سکے۔
امریکہ اور دہشت گرد گروہوں سے وابستہ ذرائع ابلاغ نے انّیس مئی کو دعوی کیا ہے کہ شامی فوج نے لاذقیہ کے مضافاتی علاقوں میں کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال کیا ہے۔
اس قسم کے الزامات کا مقصد شام میں فوجی مداخلت اور امریکی حملوں کی راہ ہموار اور اس ملک کی فوجی و اقتصادی تنصیبات کو نشانہ بنانا رہا ہے جبکہ اپریل دو ہزار اٹھارہ میں ایسا کیا بھی جا چکا ہے۔