Jul ۱۴, ۲۰۱۹ ۰۷:۵۴ Asia/Tehran
  • ولادت باسعادت حضرت امام رضا (ع) مبارک ہو

فرزند رسولۖ ثامن الائمہ حضرت امام علی ابن موسی الرضا علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت کے موقع پر اسلامی جمہوریہ ایران سراپا جشن و سرور ہے- ایران کے ساتھ ساتھ پوری دنیا میں آپ(ع) کا جشن ولادت با سعادت انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے۔

ثامن الحجج فرزند رسولۖ حضرت امام رضا علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت کے موقع پر عشرہ کرامت کی تقریبات اپنے نقطہ عروج پر پہنچ گئی ہیں اور اسلامی جمہوریہ ایران سمیت پوری دنیا میں امام غریب الغربا کا جشن ولادت بہت ہی تزک و احتشام ،جوش و خروش اورعقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے-

عشرہ کرامت کی مناسبت سے جشن و تقریبات اور سجاوٹ کا سلسلہ تو یکم ذی القعدہ حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کے یوم ولادت اور عشرہ کرامت کے آغاز سے ہی شروع ہو گیا تھا لیکن گیارہ ذی القعدہ کی تاریخ آنے تک جشن و سرور کی تقریبات بام عروج پر پہنچ گئیں-

مشہدمقدس میں لاکھوں زائرین اور عاشقان اہل بیت ایران کے دور دراز شہروں اور دنیا کے مختلف ملکوں سے جشن میں شریک ہیں - جبکہ بہت بڑی تعداد میں زائرین ایسے بھی ہیں جو سیکڑوں کلومیٹر طویل فاصلہ پیدل طے کرکے اور اپنے ہاتھوں میں پھولوں کا گلدستہ لے کر مشہد مقدس پہنچے ہیں-

شہر مقدس مشہد اور خاص طور پر حضرت امام رضا علیہ السلام کے حرم مطہر اور اطراف کی سڑکوں کو انتہائی خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا ہے جبکہ حرم کے مختلف مقامات پر جشن کے الگ الگ پروگرام جاری ہیں-

قم میں بھی بی بی فاطمہ معصومہ سلام اللہ  علیھا کے حرم مطہر میں عاشقان اہلبیت عصمت و طہارت علیہم السلام کا جم عفیر ہے جو اس معنوی اور بابرکت موقع پر جشن میں شریک ہیں اور بی بی کو ان کے بھائی کے جشن ولادت کی مبارکباد پیش کر رہے ہیں-

گیارہ ذی القعدہ اور عشرہ کرامت کی مناسبت سے ایران کے دیگر سبھی چھوٹے بڑے شہروں میں محافل قصیدہ خوانی کا سلسلہ بھی جاری ہے اور مذہبی مقامات نیز سرکاری اور غیر سرکاری عمارتوں کو خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا ہے اور لوگ سڑکوں پر جگہ جگہ مٹھائیاں اور شربت پیش کر رہے ہیں-

حضرت امام رضا علیہ السلام کے حرم میں گذشتہ دس روز سے ہی عشرہ کرامت کی مناسبت سے محفلوں اور سیمیناروں کا سلسلہ جاری ہے جس کے دوران مقررین نے حضرت امام رضا علیہ السلام اور ان کی خواہرگرامی حضرت فاطمہ معصومہ قم سلام اللہ علیہا کی بابرکت حیات طیبہ کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالی اور یہ سلسلہ بدستور جاری ہے۔

عراق کے مقدس مقامات سے بھی خبریں ہیں کہ آسمان امامت و ولایت کے آٹھویں آفتاب عالم تاب کا جشن ولادت عراقی اور غیر ملکی زائرین کی شرکت سے بہت ہی شاندار طریقے سے منایا جا رہا ہے-

پاکستان اور ہندوستان سے بھی اطلاعات ہیں کہ اس پر مسرت موقع پر ہر جگہ محفلوں اور جشن کا  اہتمام کیا گیا ہے - فرزندرسولۖ حضرت امام رضا علیہ السلام گیارہ ذی القعدہ ایک سو اڑتالیس ہجری قمری میں مدینہ منورہ میں اس دنیا میں تشریف لائے-

امام رضا علیہ السلام کے علم کا اتنا شہرہ تھا کہ رضا کے ساتھ ساتھ آپ کو عالم آل محمد کے نام سے بھی شہرت حاصل تھی- آپ کا اسم گرامی علی اور کنیت ابوالحسن ہے-

سحر عالمی نیٹ ورک خوشی و مسرت کے اس موقع پر اپنے تمام کرم فرماوں، سامعین اور ناظرین کی خدمت میں مبارک باد پیش کرتا ہے۔

ٹیگس