شیخ زکزکی کے طرفداروں پر سیکورٹی اہلکاروں کا تشدد/ ویڈیو
پیر کے روز نائیجیریا میں شیخ زکزکی کے طرفداروں کے ساتھ سیکورٹی اہلکاروں کی ہونے والی جھڑپوں میں کم سے کم چھے افراد شہید ہو گئے۔
نائجیریا کی پولیس نے دارالحکومت ابوجا میں اسلامی مومنٹ کے سربراہ آیت اللہ شیخ زکزاکی کے حامیوں پر حملہ کرکے 6 شیعہ مسلمانوں کو شہید کردیا۔ یہ افراد اس وقت شہید ہوئے جب نائجیریا کی پولیس نے آیت اللہ شیخ زکزاکی کی رہائی کے لیے ہونے والے پرامن مظاہرے پر اندھا دھند فائرنگ کی۔
مظاہرین نے نائجیریا میں شیعہ مسلمانوں پر ظلم و بربریت کو روکے جانے کا بھی مطالبہ کیا۔
واضح رہے کہ نائیجیریا کی فوج نے بارہ اور تیرہ دسمبر دو ہزار پندرہ کو چہلم امام حسین علیہ السلام کے موقع پر زاریا شہر میں ایک امام بارگاہ اور آیت اللہ شیخ زکزاکی کے گھر پر حملہ کر کے ہزاروں شیعہ مسلمانوں کو شہید اور زخمی کر دیا تھا۔
فوج آیت اللہ ابراہیم زکزاکی اور ان کی اہلیہ کو زخمی کرنے کے بعد گرفتار کر کے لے گئی تھی۔ جس کے بعد سے جیل میں آیت اللہ زکزاکی کی جسمانی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔ فوج کی فائرنگ سے آیت اللہ زکزاکی کے تین بیٹے بھی شہید ہوئے تھے۔ اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی ادارے اس قسم کی جارحیت پر خاموش ہیں۔