افغانستان کے داخلی امور میں مداخلت کی مذمت
افغانستان کے صدر نے کہا ہے کہ وہ نہیں چاہتے کہ ان کے ملک کے داخلی امور میں کوئی دوسرا ملک مداخلت کرے۔
عید الاضحیٰ کے موقع پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے افغانستان کے صدر اشرف غنی نے کہا کہ افغانستان میں انتخابات کے ذریعے مضبوط اور قانونی حکومت کی بنیاد پر ہی ملک میں پائیدار امن ممکن ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے مستقبل کا فیصلہ کسی دوسرے ملک میں طے نہیں ہوسکتا، چاہے وہ ہمارے دوست، دشمن یا پڑوسی ملک کا دارالحکومت ہو۔
اشرف غنی نے واضح کیا کہ افغانستان کی قسمت کا فیصلہ کابل کی سرزمین پر ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نہیں چاہتے کہ کوئی داخلی امور میں مداخلت کرے۔
افغانستان کے صدر نے زور دیا کہ اسلامی جمہوریہ افغانستان اور طالبان کے درمیان ہی امن ممکن ہے۔
خیال رہے کہ امریکا اور طالبان کے مابین افغان امن عمل سے متعلق فریقین کے مابین ہونے والے مذاکرات میں افغان حکومت کو بطور فریق شامل نہیں کیا گیا۔