Aug ۱۷, ۲۰۱۹ ۰۹:۲۶ Asia/Tehran
  • حضرت امام علی النقی (ع) کے یوم ولادت پردنیا بھر میں جشن

فرزند رسول حضرت امام علی النقی علیہ السلام کے یوم ولادت باسعات کی مناسبت سے ایران سمیت مختلف ملکوں میں جشن اور قصیدہ خوانی کی محفلوں کا سلسلہ جاری ہے۔

فرزند رسول حضرت امام علی النقی علیہ السلام پندرہ ذی الحجہ دو سوبارہ ہجری قمری کو مدینہ منورہ کے قریب اس دنیا میں تشریف لائے اور تین رجب کو فرزند رسول امام علی النقی علیہ السلام کا یوم شہادت ہے۔

حضرت امام ہادی علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت کے جشن کا سلسلہ کل رات ہی سے ایران کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں اور قریوں میں شروع ہوگیا تھا جو اس وقت بھی جاری ہے۔ اس سلسلے میں ایران اسلامی کی تمام مساجد اور امام بارگاہوں میں جشن کا خاص اہتمام کیا گیا ہے۔

مشہد مقدس میں فرزند رسول حضرت امام علی رضا علیہ السلام کے روضہ مبارک کو اس مناسبت سے برقی قمقموں سے بہت ہی خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا ہے۔

قم میں حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کے روضہ مبارک میں بھی بڑی تعداد میں ایرانی اور غیر ایرانی زائرین نے حاضری دے کر حضرت امام علی النقی علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت کی مبارکباد پیش کی۔ قم کی مساجد اور امام بارگاہوں کے ساتھ ہی مراجع تقلید کے گھروں میں بھی اس مناسبت سے جشن کا خصوصی اہتمام کیا گیا ہے۔

دارالحکومت تہران اور ایران کے دیگر شہروں میں بھی فرزند رسول حضرت امام ہادی علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت کا جشن جاری ہے۔

کاظمین سے ہمارے نمائندے نے رپورٹ دی ہے کہ حضرت امام علی النقی علیہ السلام کے یوم ولادت کی مخصوصی میں شرکت کے لئے عراق کے دیگر شہروں کے ساتھ ہی دوسرے ملکوں کے بھی ہزاروں زائرین پہنچے ہیں۔

اسی مناسبت سے ہندوستان اور پاکستان میں بھی قصیدہ خوانی کی محفلوں اور جشن کا سلسلہ جاری ہے۔

سحرعالمی نیٹ ورک اس پر مسرت موقع پر اپنے تمام ناظرین، سامعین اور چاہنے والوں کو مبارکباد پیش کرتا ہے۔

ٹیگس