کابل دھماکہ، افغانستان کی آزادی کی سو سالہ تقریبات معطل
افغان صدر نے کابل دھماکے کی وجہ سے افغانستان کی آزادی کی سو سالہ تقریبات معطل کرنے کا اعلان کیا۔
افغان میڈیا کے مطابق افغانستان کے صدر اشرف غنی نے افغانستان کی آزادی کی سو سالہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اُن کا ملک داعش کے ٹھکانوں کا صفایا کر کے چھوڑے گا۔ معصوم بچوں اور خواتین کو قتل کرنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔
افغان صدر نے کہا کہ شادی کی تقریب میں خود کش حملے میں 63 سے زائد افراد کے جاں بحق ہونے اور 180 کےزخمی ہونے پر ہر شہری دل گرفتہ ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی ہمارا مقدر ہوگی اور اس واقعے کے بعد سے سو سالہ آزادی کی تقریبات ماند پڑگئی ہیں، جان بحق ہونے والوں کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کے لیے تمام تقریبات معطل کرنے کا اعلان کرتا ہوں۔
واضح رہے کہ کابل میں شادی کی تقریب میں خود کش حملے میں 63 افراد مارےگئے تھے جس کی ذمہ د اری مقامی دہشتگرد گروہ داعش نے قبول کی تھی جب کہ طالبان نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ خواتین اور بچوں پر حملہ کرنا قابل افسوس ہے۔