Aug ۳۱, ۲۰۱۹ ۱۸:۱۷ Asia/Tehran
  • تمام اہداف کے حصول تک واپسی مارچ جاری رکھنے پر تاکید

فلسطین کی حق واپسی مارچ کی اعلی قومی کمیٹی نے غزہ پٹی کے محاصرے کے خاتمے اور فلسطینیوں کے تمام حقوق کی مکمل بازیابی تک مظاہرے جاری رکھنے پر تاکید کی ہے۔

فلسطین کے حق واپسی مارچ کی اعلی قومی کمیٹی نے جمعے کو شہدا سے وفاداری کے زیرعنوان ہونے والے حق واپسی مارچ میں بڑے پیمانے پر شرکت کرنے پر اس علاقے کے عوام کی قدردانی کی اور انھیں آئندہ ہفتے داخلی محاذ کی حمایت کے زیرعنوان ہونے والے مظاہروں میں شرکت کی دعوت دی۔

حق واپسی مارچ کی اعلی قومی کمیٹی نے ظالمانہ اقدامات اور محاصرہ ختم ہونے تک ملت فلسطین کی استقامت کو مضبوط بنانے اور جلد سے جلد قومی اتحاد کے حصول پر تاکید کی۔ 

فلسطین کے حق واپسی مارچ کی اعلی قومی کمیٹی نے بیت المقدس، غرب اردن اور لبنان میں پناہ گزینوں کے کیمپوں میں رہائش پذیر عوام کے مختلف طبقات سے مطالبہ کیا کہ وہ سینچری ڈیل کی سازش کا مقابلہ کریں اور حق واپسی مارچ کا سلسلہ جاری رکھ کر فلسطینیوں کے تمام اہداف کے حصول کی کوشش کریں۔

دوسری طرف فلسطینیوں کے بہترویں حق واپسی مارچ پر صیہونی حکومت کے فوجیوں کی فائرنگ کے نتیجے میں کم سے کم پچھتر فلسطینی زخمی ہوگئے ہیں۔

فلسطین کے انفارمیشن سینٹر کی رپورٹ کے مطابق مقبوضہ فلسطین سے ملحقہ غزہ پٹی کے سرحدی علاقے میں ہونے والے بہترویں حق واپسی مارچ کے مظاہرین پر صیہونی فوجیوں نے اندھا دھند فائرنگ کی اور آنسوگیس کے گولے داغے جس کے نتیجے میں کم سے کم پچھتر فلسطینی زخمی ہوگئے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ صیہونی فوجیوں نے اس پرامن مظاہرے کو طاقت کے ذریعے کچل دیا۔ بہترواں حق واپسی مارچ خون شہداء سے وفاداری کے عنوان سے منعقد ہوا تھا۔ ایک اور رپورٹ کے مطابق مقبوضہ فلسطین سے ملحقہ غزہ کی سرحدی پٹی پر ایک دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں ایک صیہونی فوجی زخمی ہوگیا۔

ٹیگس