غرب اردن کے تعلق سے نتنیاہو کے بیان پر حماس کا ردعمل
فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے صیہونی حکومت کے وزیراعظم نتنیاہو کے اس انتخابی نعرے کے ردعمل میں جس میں اس نے غرب اردن کو اسرائیل میں ضم کرلینے کی بات کی ہے کہا ہے کہ نتنیاہو کے بیانات فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیلی حکومت کی دشمنانہ پالیسیوں کو ظاہر کرتے ہیں
حماس کے ترجمان فوزی برہوم نے کہا کہ غرب اردن میں صیہونی بستیوں کو اسرائیلی حکومت کے زیرقبضہ علاقوں میں ضم کرلینے کے نتن یاہو کے بیانات سے حقیقت تبدیل نہیں ہوگی اور غاصبوں کے منصوبوں کے مقابلے میں فلسطینی عوام کی جد و جہد ایک لمحے کے لئے بھی نہیں رکے گی - فوزی برہوم نے کہا کہ صہیونی حکومت کے لئے امریکا کی حمایت اور صیہونی دشمن کے ساتھ تعلقات کو برقرار کرنے کے لئے علاقے کی بعض عرب حکومتوں کی بے قراری نیز غرب اردن میں استقامتی تحریک کو کچلنے کے تعلق سے فلسطینی انتظامیہ کا رویّہ اور بیہودہ مذاکرات یہ وہ باتیں ہیں جن کی وجہ سے نتن یاہو نے اس طرح کا گستاخانہ انتخابی وعدہ کیا ہے ۔صیہونی حکومت کے وزیراعظم نتنیاہو نے منگل کو باضابطہ طور پر اعلان کیا کہ اگر وہ الیکشن جیت جاتے ہیں تو غرب اردن میں صیہونی بستیوں اور غرب اردن کے بعض اہم علاقوں کو اسرائیل میں ضم کرلیں گے -