پاکستان اور ہندوستان میں چہلم امام حسین(ع)
نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے 72اصحاب باوفا کا چہلم پاکستان اور ہندوستان میں انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ چہلم حضرت امام حسین (ع) کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
پاکستان اورہندوستان سے موصولہ خبروں میں بتایا گیا ہے کہ لاہور، کراچی،کوئٹہ، راولپنڈی، پشاور اور اسی طرح دہلی،ممبئی، لکھنو اورحیدرآباد سمیت ملک کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں میں سیدالشہدا کے چہلم کے موقع پر جلوسہائے عزا برآمد ہونے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے اور مجالس غم برپا ہورہی ہیں۔
مومنین اور سوگوارشبیہ تابوت و علم اور تبرکات کی زیارت کر رہے ہیں اور بہت بڑی تعداد میں ماتمی انجمنیں منظم انداز میں نوحہ خوانی اور سینہ زنی کر کے کربلا والوں کی یاد منا رہے ہیں ۔
چہلم سید الشہدا کے جلوسوں کے دوران روح پرور اور معنوی مناظر دیکھنے کو ملے اور جلوسہائے عزا میں شریک سوگواروں نے امام عالی مقام کی بے مثال قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے ان کے راستے کو جاری رکھنے کا عزم کیا- پاکستان اور ہندوستان میں نکالے گئے جلوسہائے عزا کے راستوں میں سبیل اور نذر و نیازکا بھرپور اہتمام کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ایران اور عراق سمیت دنیا کے اکثر ممالک میں چہلم سید الشہدا کل منایا گیا۔
سحرعالمی نیٹ ورک غم و اندوہ کے اس موقع پراپنے تمام ناظرین، سامعین اورکرم فرماوں کی خدمت میں دلی تعزیت و تسلیت پیش کرتا ہے۔