Nov ۰۷, ۲۰۱۹ ۱۶:۰۳ Asia/Tehran
  •  کویت میں حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرے

کویت کے عوام نے کویت سٹی کے الاردہ اسکوائر پر حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق کویتی عوام نے ملک کی بدتر اقتصادی صورت حال اور شہریت سے متعلق قوانین کے خلاف مظاہرہ کرتے ہوئے تعلیمی نظام میں اصلاح، اسپتالوں کی تعمیرنو، سیاسی قیدیوں کی رہائی ، آزادی بیان ، بے روزگاری کے خاتمے ، سرکاری اکونومک رینٹ کا سلسلہ بند کرنے اور شہریت سے متعلق قوانین میں تبدیلی کا مطالبہ کیا۔

اس سے قبل کویت کے سماجی کارکنوں نے ٹوئیٹر پر ہیش ٹیگ کے ذریعے ملک میں اقتصادی اصلاحات انجام دینے کا مطالبہ کیا تھا اور نئے ٹیکس وضع کئے جانے کے بارے میں بھی خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر یہ صورت حال جاری رہی تو وہ سڑکوں پر نکل آئیں گے۔

کویت میں زاید العصمی اور بدر مرسال الفضلی نام کے دو نوجوانوں کے قتل کے بعد گذشتہ چند دنوں سے احتجاجی مظاہروں کی کال دی جا رہی تھی۔ کویت میں بیدون طبقے سے تعلق رکھنے والے ان دونوں نوجوانوں نے غربت اور بے روزگاری سے تنگ آکر خودکشی کر لی تھی۔

کویت میں بیدون ان افراد کو کہا جاتا ہے جو کویت الاصل نہیں ہیں یعنی ان کے پاس نہ ہی کویت کی شہریت ہے اور نہ ہی کسی اور ملک کی جبکہ ان کے اجداد عشروں سے کویت میں مقیم ہیں اور حکومت نے انھیں اب تک اپنا شہری تسلیم نہیں کیا ہے۔

ٹیگس