Dec ۱۰, ۲۰۱۹ ۱۶:۰۳ Asia/Tehran
  • جنوبی کرکوک میں داعش کے خلاف آپریشن کلین اپ جاری

عراق کی فیڈرل پولیس فورس نے جنوبی کرکوک میں جاری آپریشن کلین اپ کے دوران درجنوں دیہات کو داعشیوں کے وجود سے پاک کردیا ہے۔

 بغداد میں عسکری ذرائع نے بتایا ہے کہ ارادت النصر آپریشن میں فیڈرل پولیس فورس کے دستوں نے جنوبی کرکوک کے علاقے الحویجہ کے نواح میں باون دیہات کو دہشت گردوں کے وجود سے پاک کردیا ہے۔ اس کارروائی میں بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ عراق کی فیڈرل پولیس فورس کے ترجمان کے مطابق آپریشن کلین اپ کے دوران ایک سو گیارہ بمب، تین کاتیوشیا میزائل اور متعدد راکٹ برآمد ہوئے ہیں۔

قابل ذکر ہے عراق کی فیڈرل پولیس، عوامی رضاکار فورس اور دیگر سیکورٹی دستوں نے سات جولائی سے صوبہ دیالہ اور صوبہ صلاح الدین میں داعش کے باقی ماندہ عناصر کے خلاف آپریشن کا آغاز کیا تھا جس کے سات مرحلے اب تک انجام پاچکے ہیں۔عراق کی حکومت نے دسمبر دوہزار سترہ میں دہشت گرد گروہ داعش کی مکمل شکست کا اعلان کیا تھا تاہم اس گروہ کے باقی ماندہ عناصر ملک کے صحرائی علاقوں میں روپوش ہیں اور وہاں سے گاہے بگانے عراقی شہریوں اور سیکورٹی فورس کے دستوں پر حملے کرتے رہتے ہیں۔

ٹیگس