پاکستان اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ کے درمیان علاقائی حالات پر صلاح و مشورہ
Jan ۱۴, ۲۰۲۰ ۱۳:۴۷ Asia/Tehran
پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایران کے دو روزہ دورے کے بعد ریاض میں سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان آل سعود سے ملاقات و گفتگو کی ہے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق قریشی نے اور ان کے سعودی ہم منصب کے درمیان ملاقات میں مغربی ایشیا اور خلیج فارس کے علاقے کے حالات کا جائزہ لیا۔
پاکستان اور سعودی عرب کے وزرائےخارجہ نے علاقے کے حالات کے سلسلے میں باہمی رابطوں اور صلاح و مشورے جاری رکھنے پر تاکید کی۔
پاکستان کے وزیر خارجہ نے ریاض میں کہا کہ اسلام آباد نے امریکہ کے ہاتھوں سپاہ قدس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کے باعث مغربی ایشیا میں امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی بڑھنے کے بعد مختلف ممالک سے رابطے کئے اور دیکھا کہ سب ہی علاقے میں کسی بھی طرح کی جنگ روکنے اور کشیدگی کو ختم کرنے پر مائل ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ علاقے پر حالیہ واقعات کے سنگین نتائج مرتب ہوئے ہیں بنا بر ایں تمام فریقوں کو صبر و تحمل سے کام لیتے ہوئے کشیدگی کو بڑھنے سے روکنے کے لئے اشتراک عمل اور سفارتکاری سے کام لینا چاہیے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستانی وزیرخارجہ ریاض میں سعودی حکام سے صلاح ومشورے کے بعد مسقط کے لئے روانہ ہوگئے ہیں۔