ادلب کے مضافاتی شہر لوف پر شامی فوج کا کنٹرول
Feb ۰۱, ۲۰۲۰ ۲۱:۰۳ Asia/Tehran
شامی فوج نے ادلب شہر کی جانب پیشقدمی کرتے ہوئے اسٹریٹیجک اہمیت کے حامل مضافاتی شہرلوف پر اپنا کنٹرول کرلیا ہے۔
شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا نے خبردی ہے کہ شامی فوج نے ادلب شہر کے مضافات میں واقع اسٹریٹیجک اہمیت کے حامل شہر لوف میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو تباہ کردیا اور دہشت گردوں کو پسپا کرتے ہوئے شہر پر اپنا کنٹرول کرلیا۔ ادھر شمالی شہر حلب کے جنوبی مضافاتی علاقے میں بھی شامی فوج نے اسٹریٹیجک اہمیت کے حامل شہرالخالدیہ بھی پر اپنا کنٹرول کرلیا ہے۔ شامی فوج نے جمعہ کو بھی صوبہ ادلب میں حیش، طبیش، العامریہ اور کفر مزدہ پر اپنا کنٹرول کرلیا تھا۔ شامی فوج نے پچھلے چند روز سے ادلب میں دہشت گردوں کے ذریعے فائربندی کی مسلسل خلاف ورزی کے جواب میں اپنی کارروائیاں شروع کردی ہیں اور اس عرصے میں اس نے صوبہ ادلب کے متعدد علاقوں کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرالیا ہے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ادلب دہشت گردوں کا آخری گڑھ سمجھاجاتا ہے اور اس علاقے کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرالئے جانے کے بعد شام پوری طرح سے دہشت گردوں سے پاک ہوجائے گا۔