دشمنوں کے بیانات میں شدت ایک خطرہ، اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو اس کا جواب دیئے بغیر ہم نہیں رہیں گے: ایران کے فوجی سربراہ جنرل امیر حاتمی
ایران کے آرمی چیف نے ملک کے خلاف دشمنوں کے بیانات میں شدت کو ایک خطرہ قرار دیتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو اس کا جواب دئے بغیر ہم نہیں رہیں گے۔
سحرنیوز/ایران: ایران کے آرمی چیف جنرل امیر حاتمی نے کہا کہ اگر دشمن نے کوئی غلطی کی تو پہلے سے زیادہ سخت جواب دیا جائے گا اور ہم ہر جارح کا ہاتھ کاٹ دیں گے۔ ایران کے آرمی چیف نے کہا کہ امریکہ کے سابق صدر بائیڈن نے آپریشن طوفان الاقصیٰ کے بعد کہا تھا کہ اگر اسرائیل نہ ہوتا تو ہم اسے قائم کرتے۔ یہ اُن بہت سے لوگوں کا جواب ہے جو پوچھتے ہیں کہ امریکہ تمام جرائم کے باوجود صیہونی حکومت کی مسلسل حمایت کیوں کرتا ہے؟
انہوں نے کہا کہ درحقیقت صیہونی حکومت مغرب کا ایک بنیادی اور نیابتی اڈہ ہے اور اس کا وجود ان کے لیے بہت اہمیت کا حامل ہے۔ آرمی چیف کا مزید کہنا تھا کہ دشمن ایران عزیز کو اس کی صلاحیتوں سے محروم کرنے کے درپے ہے اور وہ ہماری قومی طاقت کے ذرائع کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہا ہے۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel
جنرل حاتمی نے قوم اور رہبر انقلاب اسلامی کو ایران کی طاقت کے دو مضبوط ستون قرار دیا اور کہا کہ دشمن سب سے زیادہ ان دو ستونوں سے ہی بغض رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ آج ایران اسلامی کی مسلح افواج کی تیاری جنگ سے پہلے کے حالات کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے، اس حد تک کہ اگر دشمن نے کوئی غلطی کی تو اسے پہلے سے زیادہ سخت جواب ملے گا اور ہم ہر جارح کا ہاتھ کاٹ دیں گے۔