ادلب میں شامی فوج کی پیشقدمی متعدد علاقے آزاد
شام کے شمالی صوبے ادلب میں فوج نے اپنی پیشقدمی جاری رکھتے ہوئے تل کراتین اور محاریم جیسے دیہی علاقوں کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرالیا ہے -
شامی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ شامی فوج نے دو دیہی علاقوں کو آزاد کرانے کے بعد صوبہ ادلب کے مشرق میں دہشت گرد گروہوں کے عناصر کے تعاقب بھی کیا -
تل کراتین اور محاریم علاقوں کو آزاد کرانے کی کارروائیوں کے دوران شامی فوج نے دسیوں دہشت گردوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا - شامی فوج نے دو روز قبل بھی صوبہ ادلب کے جنوبی اور مشرقی علاقوں میں کئی علاقوں کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرالیا تھا ۔
صوبہ ادلب شام میں دہشت گردوں کا آخری ٹھکانہ ہے - دوسری جانب اقوام متحدہ کے انسداد دہشت گردی کے ادارے کے سربراہ نے کہا ہے کہ اس وقت شام اور عراق میں ستائیس ہزار غیر ملکی دہشت گرد موجود ہیں -
اقوام متحدہ کے انسداد دہشت گردی کے ادارے کے سربراہ ولادیمیر ورونکوف نے کہا ہے کہ عالمی برادری کو ہوشیار اور دہشت گرد گروہوں کے خلاف جنگ متحد ہو کر لڑنا چاہئے - اقوام متحدہ کے مذکورہ عہدیدار نے اسی طرح خبردار کیا ہے کہ داعش دہشت گرد گروہ شام اور عراق میں خود کو دوبارہ منظم کرنے کی کوشش کررہا ہے -