عراق و شام میں بھی انسداد کرونا مہم کا آغاز
Mar ۲۵, ۲۰۲۰ ۱۹:۳۵ Asia/Tehran
عراق میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافے کے بعد عوامی رضاکار فورس حشدالشعبی نے مرکزی صوبے کربلائے معلی میں فیلڈ ہاسپٹل قائم کردیا ہے۔ اسکے علاوہ شام سے بھی شبانہ کرفیو نافذ کئے جانے کی خبر ہے۔
بغداد میں عوامی رضاکا فورس کے جاری کردہ بیان کے مطابق کورونا وائرس کے خلاف مہم میں ملکی نظام صحت کی مدد کی غرض سے قائم کیے جانے والے سو بیڈ کے اس اسپتال میں ضروری سہولتیں موجود ہیں۔
تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق عراق میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد تین سو سولہ ہوگئی ہے جبکہ ستائیس افراد اس موذی وائرس کے خلاف جنگ میں جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
دوسری جانب شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے بتایا ہے کہ حکومت نے کورونا وائرس کی روک تھام کی غرض سے ملک میں رات کا کرفیو نافذ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بدھ سے ملک بھر میں شام چھے بجے سے صبح چھے بجے تک ہر قسم کی رفت آمد پر پابندی کا اطلاق ہوگا۔
حکومتِ شام نے ملک کے جنوبی صوبے قنیطرہ میں دو بڑے قرنطینہ مرکز بھی قائم کر دیئے ہیں جہاں کورونا وائرس کے مشبتہ مریضوں کو طبی نگرانی میں رکھا جائے گا۔