Apr ۲۴, ۲۰۲۰ ۲۲:۵۶ Asia/Tehran
  • صیہونی حکومت کی نئی سازش، ترکی کا شدید رد عمل

صیہونی حکومت کی جانب سے مغربی کنارے کو اسرائیل میں ملحق کئے جانے کی کوششوں کی ترکی نے شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور اس کا مقابلہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ترکی کی وزارت خارجہ نے ایکی بیان جاری کرکے غاصب صیہونی حکومت کی ان کوششوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

اناضولی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ترکی کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے جمعے کو کہا کہ فلسطینی سرزمین پر قبضہ کرنے کے لئے نتن یاہو اور بنی گینٹس کے درمیان جو معاہدہ ہوا ہے اس کی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

ترک وزارت خارجہ کے ترجمان حامی اکسووی نے کہا کہ صیہونی حکومت کا یہ خطرناک کام، عالمی قوانین کے بالکل خلاف ہے۔

ترکی کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ان کا ملک عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ غاصب صیہونی حکوت کے یکطرفہ فیصلے کے مقابلے میں مزاحمت کا مظاہرہ کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم بیت المقدس کے دارالحکومت والے آزاد فلسطینی ملک کی تشکیل کے خواہاں ہیں۔ ترکی کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ انقرہ اب بھی فلسطینی عوام کے ساتھ ہے اور وہ ان کی امنگوں کا احترام کرتا ہے۔

واضح رہے کہ صیہونی وزیر اعظم بنیامن نتن یاہوں اور بلو وائٹ اتحاد کے سربراہ بنی گیٹس کے درمیان پیر کے روز کابینہ کی تشکیل پر اتفاق ہوا ہے۔ اس اتفاق میں وادی اردن اور مغربی کنارے میں غاصبانہ طریقے سے صیہونی قصبوں کو جولائی سے اسرائیل میں ملحق کرنا بھی شامل ہے۔

ٹیگس