اسرائیلی وزیر اعظم کے خلاف مظاہرہ
صیہونی وزیر اعظم بینیامین نیتن یاہو اور بنی گانٹز کے درمیان اتحادی حکومت کی تشکیل سے متعلق ہونے والے سمجھوتے کے خلاف مقبوضہ سرزمین کے ہزاروں افراد نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔
آئی آر آئی بی کی آج کی رپورٹ کے مطابق مظاہرین نے صیہونی وزیر اعظم بینیامین نیتن یاہو کی بڑے پیمانے پر مالی بدعنوانی اور بنی گانٹز کی جانب سے اس موضوع پر توجہ نہ دیئے جانے اور ایک بد عنوان شخص کے ساتھ اتحادی حکومت تشکیل دینے کے خلاف احتجاج کیا۔ مظاہرین نے ہونے والے مظاہرے میں بدعنوان کابینہ کے خلاف نعرے لگائے۔
واضح رہے کہ صیہونی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو اور بلو وائٹ اتحاد کے سربراہ بنی گانٹز کے مابین 21 اپریل کو اسرائیل کی نئی کابینہ کی تشکیل سے متعلق سمجھوتہ ہوا تھا۔
یاد رہے کہ صیہونی وزیراعظم بنیامن نیتن یاہو پر بدعنوانی کے کئی مقدمات درج ہیں اور صیہونی حکومت کی 72 سالہ تاریخ میں یہ پہلی مرتبہ ہے کہ مالی بدعنوانی اور امانت میں خیانت کرنے سے متعلق اس ملک کے اٹارنی جنرل نے 2 ماہ قبل عدالت سے نیتن یاہو کو سزا دینے کی درخواست کی اور17 مارچ کو اس مقدمے کی سماعت ہونی تھی تاہم کورونا وائرس کی وجہ سے مقدمے کی سماعت نہ ہو سکی۔