مزید فلسطینی علاقے ہتھیائے گئے تو تمام معاہدے کالعدم ہو جائیں گے: محمود عباس
فلسطین کی خود مختار انتظامیہ کے سربراہ نے تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ غرب اردن کے علاقوں کو اگر مقبوضہ علاقوں میں شامل کیا گیا تو کسی بھی سمجھوتے پر عمل نہیں کیا جائے گا۔
فلسطین کی خود مختار انتظامیہ کے سربراہ محمود عباس نے ناوابستہ تحریک کے رکن ملکوں کے سربراہی ورچوئل اجلاس کو خطاب کیا جس میں انہوں نے غرب اردن کے بعض علاقوں کو مقبوضہ فلسطین میں شامل کرنے والے صیہونی منصوبے پر سخت تنقید کی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ صیہونی حکومت کی جانب سے اس منصوبے پر عمل درآمد کی صورت میں اس کے ساتھ طے شدہ کسی بھی سمجھوتے پر عمل نہیں کیا جائے گا۔
محمود عباس نے عالمی اداروں اور ناوابستہ تحریک کے رابطہ گروپ کے اراکین سے مطالبہ کیا کہ وہ صیہونی حکومت کے اس منصوبے کی روک تھام کریں۔
یاد رہے کہ صیہونی حکمرانوں نے ایک منصوبہ تیار کیا ہے جس کے مطابق جولائی کے مہینے سے درہ اردن کو غرب اردن میں واقع صیہونی بستیوں میں شامل کئے جانے کی کاروائی شروع کر دی جائے گی۔