شامی فوج نے صیہونی جنگی طیارے کے حملے کو ناکام بنا دیا
شام کی فوج نے حلب کے سائنسی تحقیقاتی مرکز پر صیہونی ٹولے کے حملے کو ناکام بنا دیا ہے۔
شامی فوج کے ایئر ڈیفنس سسٹم نے منگل کی صبح شہر حلب کے سائنسی تحقیقاتی مرکز پر صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں کی جانب سے کئے جانے والے میزائلی حملے کو ناکام بنا دیا۔ باخبر ذرائع نے بتایا ہے کہ اس دوران حلب کی فضاؤں میں تین ہولناک دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں جو شام کے ایئرڈیفنس سسٹم کی جوابی کارروائی کا نتیجہ تھیں۔
صیہونی حکومت دہشتگردوں کی مدد کے لئے شام کے فوجی اڈوں اور بنیادی تنصیبات کو نشانہ بناتی رہتی ہے۔
دراین اثنا ترکی کی فوج نے صوبہ الحسکہ کے تل تمر شہر کے مضافات میں واقع دیہی بستیوں پر گولہ باری کی ہے۔ شام کی سرکاری نیوز ایجنسی سانا کی رپورٹ کے مطابق ترکی کی فوج نے شہر تل تمر کے المناخ، الفکہ، الدردارہ اور العزیزیہ نامی دیہات کو اپنے حملوں کا نشانہ بنایا ہے جس کے نتیجے میں عوام کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔
ترکی کی فوج نے دہشتگردوں کے خلاف جنگ کے بہانے شمالی شام کے ایک حصے پر قبضہ کر رکھا ہے اور اس علاقے میں ترکی کے ہزاروں فوجی تعینات ہیں۔