سبط اکبر حضرت امام حسن مجتبی (ع) کی ولادت با سعادت مبارک
سبط اکبر امام حسن مجتبی علیہ السلام کی ولادت باسعادت کے موقع پر ایران کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں کو خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا ہے۔
نواسہ رسول حضرت امام حسن مجتبی علیہ السلام 15 رمضان المبارک 3 ہجری قمری کو مدینہ منورہ میں اس دنیا میں تشریف لائے۔ ایک روایت کے مطابق 7 صفر جبکہ بعض دیگر روایات کے مطابق 28 صفر فرزند رسول حضرت امام حسن مجتبی (ع) کا یوم شہادت ہے۔ تاہم ایران، پاکستان، ہندوستان اور دنیا کے دیگر ممالک میں 28 صفرکو حضرت امام حسن مجتبی (ع) کا یوم شہادت منایا جاتا ہے۔
آپ حضرت علی (ع) اور حضرت فاطمہ (س) کے کاشانہ عصمت کے پہلے چشم و چراغ تھے جو سورہ کوثر کی مکمل تفسیر بن کر آغوش عصمت میں اترے۔
سرکار دوعالم حضرت محمد مصطفی صل اللہ علیہ وآلہ وسلم نے حکم خدا سے اپنے پہلے نواسے کا نام حسن رکھا۔
امام حضرت امام حضرت حسن (ع) علم و تقوی، زہد و عبادت میں خاص مقام پر فائز تھے اور عفو و بخشش نیز غریبیوں اور ناداروں کی مدد کرنا آپ(ع) کی ایسی خصوصیات تھیں جو زبان زد خاص و عام تھیں۔ آپ(ع) نہ صرف غریبوں، مسکینوں، ناداروں اور حاجتمندوں کی مدد و نصرت فرماتے بلکہ جو دردمند آپ(ع) سے آکر اپنی مشکلات و پریشانیاں بیان کرتا آپ(ع) اس کی دلجوئی کرتے اور مسائل و مشکلات حل فرماتے۔ کوئی بھی غریب انسان آپ(ع) کے درخانہ سے خالی ہاتھ یا مایوس واپس نہیں لوٹتا تھا۔
سحرعالمی نیٹ ورک اس مبارک موقع پر اپنے تمام چاہنے والوں کی خدمت میں ہدیہ تبریک و تہنیت پیش کرتا ہے۔