فلسطین کا غصب، صیہونی، امریکی، برطانوی اور عرب ممالک کی مشترکہ سازش کا نتیجہ
انتفاضہ فلسطین کی حمایت میں بین الاقوامی کانفرنس کے سیکریٹریٹ نے اعلان کیا ہے کہ سینچری ڈیل سازشی منصوبہ یوم نکبت کے قیام اور غاصب صیہونیوں کے بہتر سالہ جرائم میں امریکہ اور بعض عرب حکام کی شراکت کا نتیجہ ہے۔
انتفاضہ فلسطین کی حمایت میں بین الاقوامی کانفرنس کے سیکریٹریٹ نے یوم نکبت کی آمد پر ایک بیان جاری کیا ہے۔ بیان میں آیا ہے کہ بہتر سال قبل پندرہ مئی سن انیس سو اڑتالیس کو برطانیہ نے فلسطین پر اپنے جبری اختیارات کا استعمال کیا اور اپنے سامراجی مقاصد کو آگے بڑھانے کے ساتھ ساتھ مغربی ایشیا میں اپنا مستقل اڈہ قائم رکھنے کی غرض سے فلسطین میں یہودیوں کی منتقلی اور صیہونی حکومت کے قیام کے حوالے سے بین الاقوامی صیہونیزم کے ساتھ ایک سمجھوتہ طے کیا اور اس طرح فلسطین میں غاصب صیہونی حکومت کی بنیاد رکھی گئی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یوم نکبت پر فاشیزم اور صیہونیزم نے امریکہ و برطانیہ کی حمایت سے، پندرہ ہزار فلسطینی خواتین، بچوں اور نوجوانوں کا وحشیانہ قتل عام کیا اور لاکھوں فلسطینیوں کو بے گھر کر کے بچوں کی قاتل غاصب، دہشت گرد اور انسانیت کا گلا گھونٹنے والی ظالم صیہونی حکومت کے قیام کا منصوبہ تیار کیا۔
ایران کی مجلس شورائے اسلامی میں انتفاضہ فلسطین کی حمایت میں بین الاقوامی کانفرس کے مستقل سیکریٹریٹ نے اس حقیقت پر کی ہے کہ علاقے سے اغیار کے انخلا اور امریکہ کے زوال کی علامات نظر آنا شروع ہو گئی ہیں اور مستقبل میں علاقے میں غاصب و جعلی صیہونی حکومت کی بساط یقینا لپٹ جائے گی۔
بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ اس میں دو رائے نہیں کہ امریکہ کے سینچری ڈیل سازشی منصوبے اور غاصب و جارح صیہونیوں کے ساتھ تعلقات استوار کرنے کے لئے چند شکست خوردہ عرب حکومتوں کی خوش فہمی و ضلالت، اپنے وطن فلسطین کو آزاد کرانے اور وطن واپسی کے لئے مظلوم و مجاہد فلسطینی قوم کے عزم و ارادے اور جد وجہد کو متاثر نہیں کر سکتی۔
انتفاضہ فلسطین کی حمایت میں بین الاقوامی کانفرنس کے سیکریٹریٹ نے تاکید کی گئی ہے کہ امریکہ کے سازشی سینچری ڈیل منصوبے نے، تحریک مزاحمت کو اپنی کامیابی کے حصول کے لئے اور زیادہ پرعزم بنا دیا ہے۔ بیان میں آیا ہے کہ یقینا فلسطین آزاد ہو کر رہے گا اور آوارہ وطن اور بے گھر فلسطینی جلد ہی اپنے آبائی وطن واپس لوٹیں گے۔