صیہونی حکومت کو محمود عباس کا سخت انتباہ
محدود اختیارات کی حامل فلسطینی انتظامیہ کے صدر نے اعلان کیا ہے کہ اگر صیہونی حکومت نے غرب اردن کے کسی بھی حصے کو مقبوضہ علاقوں میں ضم کرنے کی کوشش کی تو اس کے ساتھ تمام معاہدوں کو منسوخ کر دیا جائے گا.
العالم کی رپورٹ کے مطابق محدود اختیارات کی حامل فلسطینی انتظامیہ کے صدر محمود عباس نے بدھ کو یوم نکبہ کی مناسبت سے اپنے ایک بیان میں کہا کہ فلسطینیوں کی استقامت کے باعث مسئلہ فلسطین کو ختم کرنے کے لئے انجام پانے والی تمام سازشیں اور منصوبے ناکام ہوگئے ہیں۔
فلسطینی انتظامیہ کے صدر نے کہا کہ جب تک مسجدالاقصی اور فلسطین کے ابدی دارالحکومت بیت المقدس کے القیامہ چرچ پر فلسطین کا پرچم نہیں لہرا جاتا اس وقت تک اس مقدس راہ میں جاری فلسطینیوں کی استقامت ہرگز نہیں رکے گی۔ محمود عباس نے کہا کہ فلسطینی انتظامیہ، تمام تر رکاوٹوں اور غاصبوں کی جارحانہ پالیسیوں کے باوجود فلسطینیوں کے حقوق کی مکمل بحالی اور فلسطین کی بابرکت زمین سے غاصب صیہونیوں کو نکال باہر کرنے کے لئے اقدامات جاری رکھے گی۔
محدود اختیارات کی حامل فلسطینی انتظامیہ کے صدر نے کہا کہ ان کی حکومت، غاصب صیہونیوں اور خود امریکہ کے ساتھ انجام پانے والے تمام معاہدوں اور سمجھوتوں پر نظرثانی کرے گی اور تمام معاہدوں اور سمجھوتوں کو منسوخ کر دے گی۔