May ۱۵, ۲۰۲۰ ۱۴:۳۰ Asia/Tehran
  • شب قدر میں ایران کی فضاؤں میں  دعا و مناجات کی گونج

گزشتہ شب ایران کی فضا اللہ کے حضور دعا و نیائش، دعائے جوشن کبیر، الغوث الغوث کی صداؤں سے گونجتی رہی ۔

اسلامی جمہوریہ ایران، پاکستان اور ہندوستان سمیت دنیا کے بہت سے ممالک میں کروڑوں بندگان خدا نے بھراپنے مالک کی بارگاہ میں حاضر ہو کر ساری رات دعا و مناجات، راز و نیاز اور توسل میں بسر کی۔

اسلامی جمہوریہ ایران میں کل رات دوسری شب قدر کے اعمال کورونا کے حوالے سے جاری کیے جانے والے حفظان صحت کے پروٹوکول کی مکمل پابندی کے ساتھ انجام دیئے گئے جن میں ملک بھر کے عوام نے شرکت کی  -

عاشقان امامت و ولایت نے ماہ رمضان کی اکیسویں شب کو مسجدوں، امامبارگاہوں اور حرم ہائے اہلبیت علیہم السلام کے قرب و جوار میں بسر کیا۔

اس موقع پر تلاوت قران کریم ، مخصوص دعاؤں اور مناجات کا سلسلہ رات دیر گئے تک جاری رہا۔ مداحان اہلبیت نے اس موقع پر مولائے متقیان حضرت علی علیہ السلام کی شہادت کے پیش ںظر مرثیہ خوانی اور نوحہ خوانی بھی کی۔

شب قدر اہمیت و فضیلت کے اعتبار سے دال کی سب سے مبارک اہم اور گرانقدر شب ہے اور اس رات کی ہر عبادت کا ثواب ایک ہزار ماہ کی عبادات کے برابر ہے جبکہ اس رات میں انسان کی تقدیر بھی لکھی جاتی ہے۔

ماہ رمضان کی انیس، اکیس اور تیئیس کی راتیں شب قدر کہلاتی ہیں اور ساری دنیا کے مسلمان ان راتوں میں شب بیداری کرکے ، مخصوص اعمال بجا لاتے ہیں جبکہ دعاؤں اور مناجات کرکے اپنے معبود سے راز و نیاز کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ انیسویں ماہ رمضان سنہ چالیس ہجری کی صبح ایک تکفیری جرثومے ابن ملجم مرادی نے وصیِ رسول، (ص) حضرت علی علیہ السلام کے فرق مبارک پر حالت نماز میں وار کیا اور اسکے ٹھیک دو روز کے بعد آپ نے جام شہادت نوش کیا۔

ٹیگس