May ۲۲, ۲۰۲۰ ۱۷:۱۸ Asia/Tehran
  • فلسطین ایک ناقابل فراموش حقیقت ہے: مزاحمتی تنظیمیں

فلسطینی گروہوں نے غاصب صیہونی حکومت کا مقابلہ کرنے کے لئے ایک وسیع محاذ تشکل دینے کی اپیل کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ امت مسلہ فلسطین کو ہرگز فراموش نہیں کرے گی

فلسطینی گروہوں نے عالمی یوم قدس کی مناسبت سے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں انہوں نے بیت المقدس کو یہودیت کا رنگ دینے کے لئے امریکی صیہونی منصوبے سینچری ڈیل اور غرب اردن کے زیادہ تر حصوں کو مقبوضہ علاقوں میں ضم کرنے والے نئے صیہونی منصوبے کے پیش نظر قومی و اسلامی یکجہتی کی اہمیت بڑھ گئی ہے۔
فلسطینی گروہوں نے اس بیان میں صیہونی حکومت کے جرائم کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطینی استقامتی گروہ صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات برقرار کرنے کے تعلق سے امریکہ اور بعض عرب حکومتوں کی زور و زبردستی کے سامنے کبھی گھٹنے نہیں ٹیکیں گے۔

بیان میں اعلان کیا گیا ہے کہ ملت فلسطین دنیا کے کونے کونے سے فلسطینی پناہ گزینوں کی وطن واپسی کے حق پر تاکید کرتی رہے گی اور فلسطین کے تشخص کو تبدیل اور اسے یہودیت کا رنگ دینے کی سازشوں کو ہرگز کامیاب نہیں ہونے دے گی۔

اس بیان میں آیا ہے کہ یوم قدس کا انعقاد اور صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کی کوششوں اور  امت اسلامیہ میں صیہونی و امریکی منصوبوں کی مخالفت کا بڑھنا، در حقیقت فلسطین اور مسجد الاقصی کی اہمیت و منزلت پر تاکید ہے ۔

درایں اثنا انصار اللہ یمن کے سربراہ عبدالملک بدر الدین الحوثی نے  یوم قدس کی مناسبت سے اپنے بیان میں مسئلہ فلسطین کو عالم اسلام کا سب سے بڑا مسئلہ قرار دیا اور کہا کہ عالمی یوم قدس مشترکہ صیہونی دشمن کے مقابلے میں امت اسلامیہ کے اتحاد کی علامت ہے۔

دوسری جانب عراق کی الحکمت پارٹی  کے سربراہ سید عمار حکیم نے  کہا کہ عالمی یوم قدس کا انعقاد، فلسطینیوں کے خلاف صیہونی حکومت کی جارحیت اور منھ زوری کو لگام دینے کے لئے حریت پسند قوموں کی جد وجہد کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیت المقدس عالم اسلام کا پہلا مسئلہ ہے۔ عراق کی  الحکمت پارٹی  کے سربراہ نے  کہا کہ عالمی یوم قدس ملت فلسطین کی عزت و آزادی اور بیت المقدس کی حفاظت کے لئے آواز اٹھانے اور اسلامی علاقوں کو یہودیت کا رنگ دینے والی کوششوں کے مقابلے کا دن ہے۔

اگرچہ عالمی یوم قدس اس سال کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی بنا پر ریلیوں اور جلوسوں  کی شکل میں منعقد نہیں ہو سکا لیکن صیہونی حکومت اور سینچری ڈیل کا مقابلہ کرنے کے لئے فلسطینیوں کے  درمیان اتفاق رائے میں کافی اضافہ ہوا ہے اور ساتھ ہی فلسطین کے تعلق سے امت اسلامیہ بھی پہلے کے مقابلے میں زیادہ بیدار اور ہوشیار ہوئی ہے۔

بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رح) نے رمضان المبارک کے الوداعی جمعے کو عالمی یوم قدس کا عنوان دیا ہے اور دنیا بھر کے حریت پسند عوام، بانی انقلاب اسلامی کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے برس ہا برس سے یوم قدس مناتے آ رہے ہیں ۔

ٹیگس