May ۲۵, ۲۰۲۰ ۰۸:۴۵ Asia/Tehran
  • افغانستان، مزید 2000 طالبان قیدی رہا

افغانستان کے صدر نے مزید 2000 طالبان قیدیوں کی رہائی کا حکم دے دیا ہے۔

فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق افغان صدارتی ہاوس کے ترجمان صدیق صدیقی نے کہا ہے کہ طالبان کی جانب سے جنگ بندی کے اعلان کے بعد افغان صدر اشرف غنی نے مزید 2000 طالبان قیدیوں کی رہائی کا حکم دیا ہے۔

طالبان نے عیدالفطر کے موقع پر 3 روزہ جنگ بندی کا اعلان کیا تھا۔

افغان صدارتی ہاوس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ امن عمل کو کامیاب بنانے کے لئے افغان حکومت مزید اقدامات بھی کرے گی۔

افغان حکومت اب تک طالبان کے ایک ہزار قیدیوں کو رہا کر چکی ہے جبکہ طالبان نے افغان سکیورٹی فورسز کے 200 اہلکاروں کو رہا کیا ہے۔

یاد رہے کہ امریکا اور طالبان کے درمیان 29 فروری کو قطر کے دارالحکومت دوحہ میں امن معاہدہ ہوا تھا جس میں یہ طے پایا تھا کہ افغان حکومت طالبان کے 5 ہزار قیدیوں کو رہا کرے گی جس کے بدلے میں طالبان، حکومت کے ایک ہزار قیدی رہا کریں گے۔

امریکا نے معاہدے کے تحت وعدہ کیا تھا کہ اگلے سال جولائی تک امریکی اور دیگر غیر ملکی افواج کا افغانستان سے انخلا ہوگا جبکہ طالبان کی جانب سے سیکیورٹی کی یقین دہانی کروائی گئی تھی۔

ٹیگس