افغان حکومت کی جانب سے طالبان قیدیوں کی رہائی کا سلسلہ جاری
افغانستان کی حکومت نے قطر معاہدے کے تحت طالبان کے مزید قیدیوں کو رہا کر دیا ہے۔
افغان حکومت نے افغان طالبان کے 100 قیدی رہا کردیئے۔ اس سے پہلے افغان صدراشرف غنی نے گزشتہ روز 2 ہزار طالبان قیدیوں کی رہائی کا اعلان کیا تھا۔
افغانستان کے صدر اشرف غنی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک پیغام میں کہا کہ گزشتہ رات امریکا کے وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے مجھے اور قومی مفاہمت کونسل کے سربراہ عبداللہ عبداللہ کو فون کیا اور 2 ہزار طالبان قیدیوں کو رہا کرنے کے فیصلے پر شکریہ ادا کیا۔
واضح رہے کہ افغان صدارتی ہاوس کے ترجمان صدیق صدیقی نے کہا ہے کہ طالبان کی جانب سے جنگ بندی کے اعلان کے بعد افغان صدر اشرف غنی نے مزید 2000 طالبان قیدیوں کی رہائی کا حکم دیا ہے۔
افغان صدارتی ہاوس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ امن عمل کو کامیاب بنانے کے لئے افغان حکومت مزید اقدامات بھی کرے گی۔
افغان حکومت اب تک طالبان کے ایک ہزارایک سوقیدیوں کو رہا کر چکی ہے جبکہ طالبان نے افغان سکیورٹی فورسز کے 200 اہلکاروں کو رہا کیا ہے۔
یاد رہے کہ امریکا اور طالبان کے درمیان 29 فروری کو قطر کے دارالحکومت دوحہ میں امن معاہدہ ہوا تھا جس میں یہ طے پایا تھا کہ افغان حکومت طالبان کے 5 ہزار قیدیوں کو رہا کرے گی جس کے بدلے میں طالبان، حکومت کے ایک ہزار قیدی رہا کریں گے۔
امریکا نے معاہدے کے تحت وعدہ کیا تھا کہ اگلے سال جولائی تک امریکی اور دیگر غیر ملکی افواج کا افغانستان سے انخلا ہوگا جبکہ طالبان کی جانب سے سیکیورٹی کی یقین دہانی کروائی گئی تھی۔