Jun ۰۲, ۲۰۲۰ ۲۲:۰۳ Asia/Tehran
  • دہشت گردی سے جنگ کے لیے غیر ملکی فوجیوں کی ضرورت نہیں ہے: عراقی فوج

عراقی فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ ان کے ملک کو دہشت گردی کی باقیات سے جنگ کے لیے کسی بھی غیر ملکی فوجی کی ضرورت نہیں ہے۔

یحیی رسول نے منگل کے روز دہشت گردی سے مقابلے کے سلسلے میں اپنے ملک کی نئي حکمت عملی کی تشریح کرتے ہوئے کہا کہ ابھی عراق کے بہت سے علاقوں میں دہشت گرد موجود ہیں اور سیکورٹی فورسز ان سے مقابلے کی تیاری کر رہی ہیں۔ انھوں نے سرحدوں کی سیکورٹی کو عراق کے سلامتی دستوں کی لیے سب سے اہم مسئلہ بتایا اور کہا کہ ملک کی فوج اور سیکورٹی فورسز، اپنی فوجی طاقت کے بھروسے اور انٹیلی جینس تعاون بڑھا کر داعش کے بچے کچھے دہشت گردوں پر فتح حاصل کر کے رہیں گي۔

 

عراق کی مسلح افواج کی جنرل کمان نے عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کے ساتھ مل کر منگل کے روز سے ملک کے شمالی علاقوں میں ابطال العراق نامی فوجی مشن کا دوسرا مرحلہ شروع کر دیا ہے۔ پچھلے تین مہینوں میں عراق کے مختلف صوبوں میں داعش کی سرگرمیوں اور اس کے سلیپنگ سیلز میں اضافہ ہو گيا ہے اور عراقی فوج نے صلاح الدین، دیالی اور کرکوک صوبوں میں دسیوں کارروائياں کر کے اس دہشت گرد گروہ کو سخت نقصان پہنچایا ہے۔

ٹیگس