Jun ۰۳, ۲۰۲۰ ۱۰:۱۲ Asia/Tehran
  • یمن کے مختلف علاقوں پر سعودی اتحاد کے تابڑ توڑ حملے

یمن کے مختلف علاقوں منجملہ صعدہ، مآرب، حجه اور الجوف پر جارح سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے حملے کئے۔

المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق جارح سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے یمن کے صوبہ مارب کے مجزر علاقے پر دو مرتبہ، صرواح کے علاقے نجد العتق پر 8 مرتبہ، مدغل الجدعان علاقے پر 6 مرتبہ، صوبہ صعدہ کے علاقے کتاف پر 4 مرتبہ، صوبہ حجہ کے علاقے حیران پر 3 مرتبہ اور صوبہ الجوف کے علاقوں المطمه اورخب و الشعف پر 3 مرتبہ بمباری کی۔ ابھی تک ان حملوں میں جانی اور مالی نقصانات کی رپورٹ سامنے نہیں آئی۔

سعودی جنگی اتحاد نے نو اپریل کو یمن کے خلاف جنگ بندی کا یک طرفہ اعلان کرتے ہوئے دعوی کیا تھا کہ کورونا کے خلاف مہم میں مدد کی غرض سے یمن کے خلاف ہر قسم کے زمینی اور ‌فضائی حملے بند کر دیئے گئے ہیں اور اس کا خیر مقدم کیے جانے کی صورت میں جنگ بندی میں مزید توسیع بھی کی جاسکتی ہے۔ تاہم سعودی جنگی اتحاد نے اپنی ہی اعلان کردہ جنگ بندی کے آغاز کے تھوڑی ہی دیر بعد یمن پر جارحیت دو بارہ شروع کردی تھی۔ سعودی جنگی اتحاد نے دوہفتے کے بعد ایک بار پھر دعوی کیا تھا کہ یمن کے خلاف یک طرفہ جنگ بندی کی مدت میں مزید ایک ماہ کی توسیع کردی گئی ہے۔

سعودی عرب نے امریکہ، متحدہ عرب امارت اور بعض دوسرے ملکوں کے ساتھ مل کر پچھلے پانچ برسوں سے مغربی ایشیا کے غریب اور عرب اسلامی ملک یمن کو زمینی، فضائی اور سمندری جارحیت کا نشانہ بنانے کے علاوہ اس کا محاصرہ بھی کر رکھا ہے۔

مارچ دو ہزار پندرہ سے جاری سعودی جارحیت اور جنگ کے نتیجے میں دسیوں ہزار بے گناہ یمنی شہری شہید اور زخمی ہوچکے ہیں جبکہ کئی لاکھ لوگوں کو اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑا ہے۔ سعودی عرب اور اس کے اتحادی اس جنگ کے ذریعے استعفی دے کر ریاض بھاگ جانے والے سابق یمنی صدر منصور ہادی کی کٹھ پتلی حکومت کو دوبارہ اقتدار میں لانا چاہتے تھے۔

ٹیگس