افغانستان کے صوبہ کاپیسا میں طالبان کا حملہ
طالبان نے افغانستان کے صوبہ کاپیسا کے الہ سای شہر پر حملہ کر کے دوکانوں کو لوٹ لیا۔
آوا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق شہر الہ سای پر طالبان کے حملے کے بعد سیکورٹی اہلکاروں کے ساتھ ان کی جھڑپ شروع ہو گئی جس کے دوران ایک عام شہری مارا گیا ہے۔ افغانستان کے مختلف علاقوں پر طالبان کے حملے جاری ہیں جبکہ افغان حکومت طالبان کے ساتھ جنگ بندی کی خواہاں ہے۔ طالبان نے افغان کی جانب سے جنگ بندی کی درخواست کو ہمیشہ ہی مسترد کیا ہے۔
درایں اثنا اطلاعات ہیں کہ افغان فوج کی کارروائی میں سولہ طالبان ہلاک ہوئے ہیں۔ کابل سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق مغربی افغانستان کے صوبہ فراہ کے پولیس ترجمان محب اللہ محب نے اعلان کیا ہے کہ یہ کارروائی شہر فراہ کے دہک علاقے میں کی گئی ہے جس میں سولہ طالبان ہلاک اور کئی زخمی بھی ہوئے ہیں۔
افغانستان کے صوبہ ہرات کے مقامی حکام نے بتایا ہے کہ ہرات کے ضلع اویہ میں سڑک کے کنارے نصب بم کے دھماکے میں اس ضلع کے پولیس کمشنر اور دو پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔