کورونا نے حج کو بھی محدود کردیا
سعودی عرب کا کہنا ہے کہ حج کی سعادت صرف وہی لوگ حاصل کر سکیں گے جو اس وقت سعودی عرب میں مقیم ہیں۔
سعودی عرب کی سرکاری پریس ایجنسی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس وبا کے پھیلاؤ اور ویکسین کی عدم دستیابی کے باعث حج کے شرکا کی تعداد محدود رکھی جائے گی جس سے حج کے دوران عازمین کے مابین سماجی فاصلہ برقرار رکھنے میں مدد ملے گی۔
رپورٹ میں سعودی وزارت صحت کی جانب سے حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ سعودی حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے رواں سال حج کی سعادت صرف سعودی عرب میں رہنے والے افراد حاصل کر سکیں گے۔
سعودی حکومت کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے رواں برس حج کے دوران حاجیوں کی تعداد کو محدود رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
حج سے متعلق سعودی حکومت کی جانب سے کسی حتمی اعلان میں تاخیر کی بنا پر انڈونیشیا نے پہلے ہی اپنے شہریوں کو حج میں شریک ہونے سے روک دیا تھا ۔
بعدازاں ملائیشیا، سینیگال اور سنگاپور کے بعد تھائی لینڈ، ہندوستان، برونئی اور جنوبی افریقہ نے بھی اپنے شہریوں کی حج میں عدم شرکت کا اعلان کیا تھا۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سعودی حکومت فروری ہی میں عمرے پر پابندی عائد کرچکی ہے اور گزشتہ ہفتے تین ماہ تک جاری رہنے والے لاک ڈاؤن کے خاتمے کے باجود عمرہ ادائیگی پر پابندی برقرار رکھی گئی ہی۔