Jul ۰۱, ۲۰۲۰ ۲۰:۰۵ Asia/Tehran
  • افغانستان میں اقوام متحدہ کے کردار کو بڑھانے پر زور

وسطی ایشیا کے پانچ ملکوں اور امریکہ پر مشتمل گروپ سی فائیو پلس ون نے افغانستان میں قیام امن کے حوالے سے اقوام متحدہ کے کردار کو کلیدی قرار دیا ہے۔

وسطی ایشیا کے پانچ رکن ملکوں جمع امریکہ کے وزرائے خارجہ کے ورچول اجلاس میں افغانستان کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ترکمانستان کے وزیر خارجہ رشید مرادوف نے کہا کہ ان کا ملک افغانستان میں عام زندگی معمول پر لانے کی غرض سے باہمی تعاون کی حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا مسئلہ افغانستان کے پرامن حل کے لیے اقوام متحدہ کی پوری گنجائشوں سے فائدہ اٹھانا انتہائی اہم اور ضروری ہے۔ ازبکستان کے وزیر خارجہ عبدالعزیز کامل اوف نے عالمی براداری پر زور دیا کہ وہ افغانستان میں امن کے قیام میں بھرپور کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ وسطی ایشیا کا استحکام افغانستان میں قیام امن سے وابستہ ہے۔ سی فائیو پلس ون امریکہ اور وسطی ایشیا کے ملکوں کے درمیان تعاون کی غرض سے قائم کیا گیا ہے اور اس کا پہلا اجلاس دو ہزار پندرہ میں نیویارک میں ہوا تھا۔
سی فائیو پلس ون کے حالیہ اجلاس میں قزاقستان کے وزیر خارجہ مختار تلی او بردی، کرغیزستان کے وزیر خارجہ چنگیز ایدر بیگ اوف، ترکمانستان کے وزیر خارجہ رشید مرادوف، تاجکستان کے وزیر خارجہ سراج الدین مہرالدین، ترکمانستان کے وزیر خارجہ عبدالعزیز کامل اوف، امریکی وزیر خارجہ مائیک پومیو نے شرکت کی۔

ٹیگس