پاکستانی علاقوں سے افغانستان پر ایک بار پھر راکٹوں سے حملہ
افغانستان کی قومی سلامتی کے مشیر نے کہا ہے کہ مشرقی افغانستان کے صوبے کنڑ پر پاکستان سے ہونے والے راکٹ حملوں کا جواب دیا جائے گا۔
کابل سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کی قومی سلامتی کے مشیر حمداللہ محب نے پاکستان کی سرحدوں کے اندر سے ہونے والے حملوں میں نقصان اٹھانے والے افغان شہریوں کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔
اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا ہے کہ دشمن، طالبان اور دیگر دہشت گرد گروہوں کے تعاون سے افغانستان میں فرضی ڈیورنڈ لائین بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔
افغانستان کی قومی سلامتی کے مشیر نے کہا کہ دشمن کو ایسا کچھ بھی کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور پاکستان سے ہونے والے راکٹ حملوں کا بھی جواب دیا جائے گا۔ البتہ انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ دشمن سے ان کی مراد کون ہے۔ کچھ عرصے قبل بھی پاکستان کے علاقوں سے افغانستان کے صوبے کنڑ پر راکٹوں سے حملے ہوئے تھے جس کے بعد افغانستان کے مقامی حکام نے پاکستانی فوج کو ان حملوں کا ذمہ دار قرار دیا تھا۔ ان حملوں پر افغان حکام اور عوام کی جانب سے سخت ردعمل کا اظہار کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ ڈیورنڈ لائن اور سرحدی تنصیبات کے قیام جیسے مسائل پر پاکستان اور افغانستان کے درمیان اختلافات پائے جاتے ہیں اور دونوں ہی ممالک ایک دوسرے پر دہشت گردی کی حمایت کا الزام عائد کرتے رہتے ہیں۔
دنیا بالخصوص عالم اسلام اور علاقے کی اہم خبروں کے لیے ہمارا واٹس ایپ گروپ جوائن کیجئے!
Whatsapp invitation link