Aug ۳۰, ۲۰۲۰ ۱۶:۲۷ Asia/Tehran
  • حسینی عزاداروں پر نائیجیرین سکیورٹی فورسز کا حملہ، تین شہید

نائیجیریا کے شمال میں واقع شہر کدونا میں سکیورٹی فورس نے حسینی عزاداروں پر حملہ کر کے تین سوگواروں کو شہید کر دیا۔

العالم کی رپورٹ کے مطابق نائیجیریا کی سیکورٹی فورس کے حملوں کے باوجود اس ملک کے حسینی عزاداروں نے شہدائے کربلا کا غم نہایت عقیدت اور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا۔ خیال رہے سکیورٹی فورس کی جارحیت میں تین عزادار شہید اور کئی زخمی ہو گئے۔

حکومت نائیجیریا کی جانب سے عائد کردہ بندشوں کے باوجود اس ملک کے حسینی عزاداروں نے زاریا، کدونا اور سوکوتو میں جلوس عزا نکالے اور  سڑکوں پر ماتم کر کے شہدائے کربلا کے غم میں اشک غم بہائے۔

نائیجیریا کے حسینی عزاداروں نے غاصب صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات کی شدید مخالفت کا بھی اظہار کیا۔

ان حسینی عزاداروں نے شہدائے کربلا کی یاد میں اور نواسہ رسول حضرت امام حسین (ع) کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے نائیجیریا کے اسپتالوں میں جاکر اپنے خون کے عطیات پیش کئے اور حکومت سے نائیجیریا کی اسلامی تحریک کے رہنما آیت اللہ ابراہیم زکزکی کی رہائی کا مطالبہ کیا۔

واضح رہے کہ حالیہ دنوں کے دوران نائیجیریا کی سیکورٹی فورس اور فوج نے حسینی عزاداروں کے خلاف مختلف قسم کی بندشیں عائد کرنے کے علاوہ انکے خلاف تشدد و جارحیت کا عمل تیز کر دیا ہے۔

 

 

ٹیگس