گروپ 7 کے ممالک ایران کے داخلی امور میں مداخلت بند کریں: ایرانی وزارت خارجہ کا انتباہ
ایران کی وزارت خارجہ نے ایران کے داخلی امور کے بارے میں گروپ 7 کے رکن ملکوں کے مداخلت پسندانہ بیان کی شدید مذمت کی ہے۔
سحرنیوز/ایران: ارنا کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے ایران کے داخلی امور سے متعلق گروپ 7 کے مداخلت پسندانہ بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گروپ 7 کے رکن ممالک ایران کے داخلی امور میں مداخلت بند کریں۔
وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ گروپ 7 کے رکن ممالک اس واضح حقیقت سے چشم پوشی کر رہے ہیں کہ ایرانی عوام کے حالیہ پُرامن مظاہروں میں غاصب صیہونی حکومت کے ذریعہ تیار کئے گئے دہشت گرد عناصر کے شامل ہونے کے بعد یہ مظاہرے پُرتشدد ہوگئے، بہت سے مظاہرین اور سیکورٹی اہلکار ان عناصر کے حملوں میں شہید اور زخمی ہوگئے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ایرانی قوم امریکہ، جرمنی، برطانیہ، کینیڈا اور گروپ 7 کے بعض دیگر ممالک کے حکام کی طرف سے جون 2025 میں ایران کے خلاف غاصب اسرائیل کی فوجی جارحیت اور سینکڑوں ایرانیوں کے قتل کی حمایت کو کبھی بھی فراموش نہیں کرے گی۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel
ایرانی وزارت خارجہ کے بیان میں مزید آیا ہے کہ گروپ 7 کے رکن ممالک مکارانہ اور مداخلت پسندانہ بیانات جاری کرنے کے بجائے ایران کے داخلی امور میں مداخلت کرنا بند کریں، ایرانی قوم پر عائد کی گئیں غیر قانونی اور ظالمانہ پابندیاں ختم کریں اور ایران کے داخلی امور میں مداخلت اور تشدد اور دہشت گردی کی ترغیب کے لئے انسانی حقوق کے اعلیٰ مفاہیم سے غلط فائدہ اٹھانے سے پرہیز کریں۔