آل خلیفہ بھی قبلۂ اول کے غداروں میں شامل
بیت المقدس کی غاصب و جابر صیہونی حکومت اور بحرین نے سفارتی تعلقات کی مکمل بحالی پر رضامندی ظاہر کر دی۔
امریکی صدر ٹرمپ نے عرب امارات کے بعد اب بحرین کو بھی غاصب صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات کی برقراری پر راضی کر لیا۔
اس حوالے سے امریکہ، بحرین اور اسرائیل کی جانب سے مشترکہ بیان جاری کیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ نے اسرائیلی وزیرِ اعظم بن یامین نیتن یاہو اور بحرین کے امیر حماد بن عیسیٰ آل خلیفہ سے رابطہ کیا اور گفتگو کی تھی ۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے صحافیوں کو بتایا کہ اس ضمن میں 15 ستمبر کو وائٹ ہاؤس میں ایک تقریب منعقد ہوگی جس میں اسرائیل اور متحدہ عرب امارات بھی شریک ہوں گے اور معاہدے پر باضابطہ دستخط کیے جائیں گے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل صیہونی حکومت اور متحدہ عرب امارات نے تیرہ اگست کو سفارتی تعلقات کی برقراری کا اعلان کیا تھا۔ اس سمجھوتے پر عالم اسلام میں بڑے پیمانے پر شدید نکتہ چینی کی جا رہی ہے۔